اننت ناگ : وادی کشمیر میں لہسن کی پیداوار میں اس سال ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جس کے سبب گزشتہ برس کے مقابلے میں قیمتیں کافی گھٹ گئی ہیں جو کسانوں کے لیے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں 600 ہیکٹر اراضی پر کی گئی کاشت سے 9000 میٹرک ٹن لہسن کی پیداور ہوئی ہے۔ یہ بمپر پیداوار کسانوں کے لیے خوشخبری تھی، تاہم کم قیمتوں نے ان کی اس خوشی کو پریشانی میں تبدیل کر دیا۔ وہیں ماہرین کسانوں کو مقدار کے بجائے معیار پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
گزشتہ برس ایک کلو لہسن 300 روپے فی کلو تک فروخت ہوا تھا، جس کے بعد کسانوں نے رواں برس لہسن کی کاشت پر خاصی توجہ دی، تاہم 50 سے 70 روپے فی کلو پر فروخت ہو رہے لہسن نے کسانوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔